ارکان اسمبلی اور وفود کی جاوید احمد رانا سے ملاقات

ارکان اسمبلی اور وفود کی جاوید احمد رانا سے ملاقات

عوامی مسائل کا حل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے

سری نگر// وزیر برائے جل شکتی، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور جاوید احمد رانا نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت نے عوامی مسائل کے بروقت حل کو یقینی بنانے کے لئے متعدد اَقدامات اُٹھائے ہیں۔وزیر موصوف نے سری نگر سول سیکرٹریٹ میں اراکینِ اسمبلی سمیت مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،’’اراکینِ اسمبلی کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود سے متعلق جو مسائل اُٹھائے گئے ہیں، اُنہیں ترجیحی بنیادوں پر توجہ دی جانی چاہیے۔ افسران کو چاہیے کہ عوامی معاملات کو سنجیدگی اور حساسیت کے ساتھ لیں اور ان کے فوری اور تسلی بخش حل کو یقینی بنائیں۔‘‘ قانون سازوں نے اَپنے حلقوں سے متعلق عوامی اہمیت کے مختلف مسائل اُٹھائے اور وزیرموصوف سے اس سلسلے میں مداخلت کی درخواست کی۔اُنہوں نے جنگلات سے متعلق معاملات، پانی کی فراہمی، بجلی، صحت سہولیات، قبائلی فلاح و بہبود اور دیگر حلقہ وار مسائل وزیر موصوف کو گوش گزار کئے۔ وزیر جاوید احمد رانانے تمام وفود کو یقین دِلایا کہ ان کے مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اُٹھایا جائے گا تاکہ مناسب کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔اُنہوں نے حکومت کے ہمہ گیر ترقی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوامی شکایات کا حل حکومت کی اوّلین ترجیح ہے۔