taib ardugan

اردغان کا ایسا قدم جو آج تک کوئی ترک لیڈر نہ اٹھا سکا!

انقرہ/یو این آئی// ترک صدر رجب طیب اردغان کی خصوصی دعوت پر ایسکی شہر کے ضلع میحال غازی کی میئر زینب گونیش آق پارٹی کے پارلیمانی گروپ اجلاس میں شریک ہوئیں، جہاں وہ صدر کے ہمراہ نشست پر براجمان ہوئیں۔ ان کی آمد پر ایوان تالیوں سے گونج اٹھا جبکہ اظہارِ یکجہتی کیلئے ایسکی شہر سے تعلق رکھنے والی سو خواتین بھی سفید دوپٹے اوڑھے اجلاس میں شریک ہوئیں۔ صدر اردغان نے اپنے خطاب میں زینب گونیش کو اناطولیہ کی روایتی وقار کی نمائندہ قرار دیتے ہوئے 28 فروری کے دور کی “فاشسٹ اور متکبر ذہنیت” کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں باحجاب خواتین کے حقوق سلب کرنے والی پابندیوں کو کبھی قبول نہیں کیا گیا اور نہ آئندہ کیا جائے گا۔ صدر نے واضح کیا کہ خواتین کو نشانہ بنانے یا ماضی کی قدغنوں کو زندہ کرنے کی کسی کوشش کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران میئر زینب گونیش صدر کے خطاب کے وقت آبدیدہ ہو گئیں۔ یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں اپنے لباس کے باعث تنقید کی زد میں آنے کے بعد صدر اردغان نے انہیں ٹیلیفون کرکے حمایت کا یقین دلایا تھا اور گروپ اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ یہ اجلاس ترکیہ میں خواتین کی سماجی و سیاسی نمائندگی اور ماضی کی پابندیوں کے خلاف حکومتی مؤقف کی تجدید کے طور پر دیکھا جا رہا ہے ۔