اتل ڈولو نے بارہمولہ کا دورہ کیا ، سیوا پرب میلہ کا افتتاح کیا ، ترقیاتی پیش رفت کا جائیزہ لیا

بینفشری اسکیموں کی مکمل تکمیل اور صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں میں خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانے پر زور دیا

بارہمولہ //چیف سیکرٹری مسٹر اتل ڈولو نے بارہمولہ کا تفصیلی دورہ کیا اور ضلع بارہمولہ کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا ۔ ڈپٹی کمشنر بارہمولہ ، ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن ، ڈائریکٹر آر ڈی ڈی اور دیگر افسران چیف سیکرٹری کے ہمراہ تھے ۔ ابتداء میں چیف سیکرٹری نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں جاری ملک گیر سیوا پرب مہم کے حصے کے طور پر ڈپٹی کمشنر بارہمولہ اور دیگر افسران کی موجودگی میں سیوا پرب میلہ کا افتتاح کیا ۔ مسٹر اتل ڈولو نے صحت ، تعلیم ، سماجی بہبود ، آئی سی ڈی ایس ، زراعت ، باغبانی ، دیہی ترقی اور دیگر محکموں کی طرف سے لگائے گئے اسٹالوں کا معائینہ کیا جو مختلف سرکاری اسکیموں اور فلاحی اقدامات کے بارے میں فوری خدمات ، رہنمائی اور معلومات فراہم کرنے کیلئے قائم کئے گئے تھے ۔ میلے کے دوران چیف سیکرٹری نے مشن یووا ، زراعت اور متعلقہ شعبوں کے تحت مستفید ہونے والوں میں منظوری خطوط تقسیم کئے ، جس سے نوجوان کاروباریوں ، کسانوں اور سیلف ہیلپ گروپوں کو براہ راست تعاون فراہم کیا گیا ۔ انہوں نے معذور افراد کو ترمیم شدہ سکوٹیوں کی چابیاں اور ٹی بی کے مریضوں کو غذائی کٹس حوالے کیں ، جو حکومت کے ہر طبقے کو بااختیار بنانے اور جامع ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کو اجاگر کرتا ہے ۔ دورے کے دوران چیف سیکرٹری نے بارہمولہ کے ڈاک بنگلہ میں ایک جامع اجلاس کی صدارت کی جس میں ضلع کے ترقیاتی منظر نامے کا جائیزہ لیا گیا ، جاری منصوبوں کی پیش رفت ، سرکاری اسکیموں کی صورتحال اور مختلف شعبوں میں کلیدی اقدامات کے بروقت عملدرآمد کو یقینی بنانے پر توجہ دی گئی ۔ اجلاس کے دوران ڈی سی نے بارہمولہ ضلع کے مجموعی ترقیاتی منظر نامے پر تفصیلی پیش کش دی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے افسران پر زور دیا کہ وہ مرکزی اور یو ٹی کے زیر سرپرستی کلیدی اسکیموں کے موثر نفاذ اور مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔ اور زور دیا کہ ان کا فوری عملدرآمد روز گار کو مضبوط کرنے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ فوائد پہنچانے کیلئے ضروری ہے ۔ صحت ، تعلیم اور دیگر شعبوں کے جائیزے کے دوران مسٹر اتل ڈولو نے نوٹ کیا کہ بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کیلئے نمایاں سرمایہ کاری کی گئی ہے اور اب ترجیح کو سروس کی فراہمی کو بہتر بنانے کی طرف منتقل کرنا چاہئیے تا کہ شہری ان اہم شعبوں میں حقیقی بہتری کا تجربہ کر سکیں ۔ بعد میں چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنربارہمولہ ، ڈی آئی جی نارتھ کشمیر اور دیگر سینئر افسران کے ساتھ مل کر سیوا پرو مہم کے تحت ڈاک بنگلہ بارہمولہ کے احاطے میں پودے لگانے کی مہم میں حصہ لیا ۔