کابل/آئی اے این ایس// افغانستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کے خلاف آئندہ وائٹ بال سیریز کے لیے اوپنر ابراہیم زدران کو ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم کا نیا کپتان مقررکردیا ہے۔ وہ لیگ اسپنر راشد خان کی جگہ یہ ذمہ داری سنبھالیں گے۔ ابراہیم زدران اس سے قبل ٹی 20 ٹیم کے نائب کپتان تھے۔ افغانستان کے 2026 مینز ٹی 20 ورلڈ کپ میں لیگ مرحلے میں باہر ہونے کے بعد سلیکٹرز نے ٹیم میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی ہیں۔ چیف سلیکٹر احمد شاہ سلیمان نے بیان میں کہا کہ راشد خان کی قیادت میں ٹیم نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، خصوصاً 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں سیمی فائنل تک رسائی۔ تاہم افغانستان کرکٹ بورڈکی طویل مدتی حکمت عملی اور ٹیم مینجمنٹ میں حالیہ تبدیلیوں، جن میں نئے ہیڈ کوچ رچرڈ پائبس کا تقرر بھی شامل ہے، کے پیش نظر قیادت میں تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا۔ ٹی 20 ورلڈ کپ اسکواڈ کا حصہ رہنے والے فاسٹ بولر فضل حق فاروقی، آل راؤنڈرگلبدین نائب اور وکٹ کیپر بیٹر محمد اسحاق کو سری لنکا کے خلاف ٹی 20 اور ونڈے دونوں اسکواڈز سے خارج کردیاگیا ہے۔ دوسری جانب وکٹ کیپر نور رحمان، آل راؤنڈر شرف الدین اشرف اور فاسٹ بولر فرید احمدکو ٹی 20 اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ فرید احمد ملک ونڈے ٹیم میں بھی واپس آئے ہیں۔ فاسٹ بولر ضیا الرحمن شریفی کو پہلی بار ونڈے اسکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ افغانستان اور سری لنکا کے درمیان تین ٹی 20 میچز 13، 15 اور17 مارچ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے، جبکہ تین ونڈے میچز 20، 22 اور 25 مارچ کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں منعقد ہوں گے۔ افغانستان کرکٹ بورڈ نے یہ بھی بتایا کہ اسرائیل اور ایران کشیدگی کے باعث خلیجی خطے میں فضائی حدود کی صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے اور سیریزکے شیڈول اور مقام کے بارے میں حتمی فیصلہ آئندہ چند دنوں میں کیا جائے گا۔










