آیوشی سوڈن نے ڈِسٹرکٹ لائبریری کپواڑہ کے جدید ریڈنگ ہال کا اِفتتاح کیا

آیوشی سوڈن نے ڈِسٹرکٹ لائبریری کپواڑہ کے جدید ریڈنگ ہال کا اِفتتاح کیا

کپواڑہ//ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ آیوشی سوڈن نے آج ضلع لائبریری کپواڑہ کے اِضافی بلاک کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا تاکہ لائبریری کے لئے مزید اَقامتی سہولیات فراہم کی جاسکے۔ اُنہوں نے اِس موقعہ پر لائبریری کی موجودہ عمارت میں ایک جدید اور اَپ گریڈ ریڈنگ ہال کا بھی اِفتتاح کیا۔اِس موقعہ پروائس چیئرمین ڈی ڈی سی کپواڑہ حاجی فاروق احمد میر، ممبر ڈِی ڈِی سی درگمولہ، ایڈوکیٹ آمنہ، ممبر ڈی ڈی سی ہائیامہ حاجی ثناء اللہ خان، ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ محمد رفیع، دیگر معززین اور طلبأ کی بڑی تعداد موجود تھی۔ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ کی پہل پر لائبریری کے نئے ریڈنگ ہال میں ایک کونسلنگ سیشن کا بھی اِنعقاد کیا گیا جس میں آئی اے ایس سیرت باجی، آئی پی ایس ڈاکٹر غلام محی الدین ملک اور آئی ایف ایس کے انوراگ آریہ نے سول سروس کے اُمیدواروں کو ان باوقار اِمتحانات میں کامیابی حاصل کرنے کے بارے میں تجاویز دیں۔اِس موقعہ پربتایا گیا کہ ضلع لائبریری کپواڑہ کے لئے اضافی بلاک 1.68 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جارہا ہے اور اِس میں جدید سہولیات سے آراستہ ایک کشادہ ریڈنگ ہال ہوگا۔اِس موقعہ پر وائس چیئرمین ضلع ترقیاتی کونسل کپواڑہ حاجی فاروق میرنے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لائبریریوں کو ملک اور معاشرے کے اجتماعی شعور اور ذہانت کی علامت سمجھا جاتا ہے۔وائس چیئرمین نے ضلع کپواڑہ کے لوگوں کو بنیادی ڈھانچے اور کلیکشن دونوں لحاظ سے بہترین لائبریری سہولیات فراہم کرنے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنراور ڈائریکٹر لائبریریز اینڈ ریسرچ کی کوششوں کی سراہنا کی جو جموںوکشمیر یوٹی کے دیگر اَضلاع کے لئے علم کے پاور ہاؤس اور معیار کے طور پر کام کرے گا۔ اُنہوں نے کہا کہ عام طور پر لوگ کتاب پڑھنے اور اس جیسی سہولیات سے دور چلے گئے ہیں جو اُنہیں لائبریریوں میں واپس لائیں گے۔اِس موقعہ پر ضلع ترقیاتی کمشنر کپواڑہ نے کہا کہ یہ لائبریری علم کے تمام متلاشیوںبالخصوص یو پی ایس سی ، کے اے ایس کے اُمیدواروں کو سیکھنے کا بھرپور ماحول فراہم کرے گی اور ضلع میںمطالعے کی ثقافت کو فروغ دے گی۔اُنہوں نے عوام بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں اور اُن سے کہا کہ وہ کتاب پڑھنے کو اپنی عادت بنائیں اور اَپنے اَپنے علاقوں میں پبلک لائبریریوں کا دورہ کریں تاکہ وہاں دستیاب وسائل سے اِستفادہ کیا جاسکے۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے سول سروس کے اُمیدواروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یو پی ایس سی امتحان میں حصہ لینے کا فیصلہ کرنا درحقیقت اُمیدواروں کے لئے سب سے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔ اِس فیصلے میں ہندوستان میں سب سے زیادہ مسابقتی اِمتحانات میں سے ایک کی تیاری کے لئے اہم وقت ، کوشش اور وسائل شامل ہے۔ انہوں نے خود تشخیص، ذاتی محرکات کو سمجھنے اور سخت تیاری کے عمل کے لئے ذہنی طور پر تیار رہنے کی اہمیت پر زور دیا۔اُنہوں نے کہا کہ سول سروسز، این اِی اِی ٹی، جے اِی اِی اور دیگر مسابقتی امتحانات کے لئے کونسلنگ سیشن مستقبل میں ڈِسٹرکٹ لائبریری کپواڑہ میں باقاعدگی سے منعقد ہوا کرے گا۔ڈی ایف او کامراج انوراگ آریہ، یو پی ایس سی رینک ہولڈرسیرت باجی اور ڈاکٹر غلام محی الدین ملک نے سول سروس کے اُمیدواروں کے ساتھ اَپنے تجربات کا اِشتراک کیا کہ ان اِمتحانات کو کیسے کامیاب کیا جائے۔