آڑو پہلگام میں سخت سردی کے باوجود سیاحوں کا رش

ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے کسی جنت سے کم نہیں

سرینگر//جموں و کشمیر کا عالمی شہرت یافتہ سیاحتی مقام پہلگام ہمیشہ ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ رہی ہے۔ سیاح پہلگام کے مختلف مقامات کا سیر کرتے ہیں۔ آڑو وادی ضلع اننت ناگ کے معروف سیاحتی مقام پہلگام کے منفرد مقامات میں سے ایک ہے، جو صدر مقام پہلگام سے تقریبا 12کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ وادی آڑو کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہونے کے لئے ملک و بیرونی ممالک سے سیاحوں کی ایک بڑی تعداد یہاں پہنچتی ہے۔ وائس آف انڈیا کے نمائندے امان ملک سے بات کرتے ہوئے سیاحوں نے کہا کہ وہ گزشتہ کئی روز سے یہاں کے سیاحتی مقامات کی سیر کر چکے ہیں، تاہم پہلگام کی آڑو وادی انہیں سب سے اچھی لگی ،بلند اور سر سبز پہاڑیوں کے درمیان واقع اس جگہ کی سیرو تفریح سے انہیں کافی مزہ آیا۔اپنے جسم و ذہن کو ترو تازہ کرنے کے لئے وادی آڑو جیسی اور کوئی موزوں جگہ نہیں۔سیاحوں نے مزید کہا کہ وادی آڑو خوبصورتی سے بھرپور ہے، تاہم اس خوبصورت جگہ پر مزید توجہ دینے کی ضرورت ہے،تاکہ یہاں کی جانب زیادہ سے زیادہ سیاح آسکیں، جس سے مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے وسائل کھل جائیں۔مقامی لوگ سیاحوں کی آمد سے کافی خوش نظر آرہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پچھلے دو مہینے سے ان کا روزگار کافی متاثر ہوا تھا، تاہم ں آہستہ آہستہ سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوا ہے،جس کے بعد انہوں نے راحت کی سانس لی۔انہوں نے کہا کہ سیاحتی سرگرمیاں دوبارہ شروع ہونے کے بعد ان کی امیدیں بڑھ گئیں اور وہ گزشتہ نقصانات کے بھرپائی کی امید کر رہے ہیں انہوں نے حکام سے آڑو ویلی کی جانب توجہ مبذول کرنے کی اپیل کی۔