آنگن واڑی کارکنوں کا واجب الادا اجرتوں مطالبہ

آنگن واڑی کارکنوں کا واجب الادا اجرتوں مطالبہ

سرینگر میں احتجاج کے دوران مستقلی پر دیا زور

سرینگر/ یو این ایس// آنگن واڑی کارکنوں اور ہیلپروں نے ہفتہ کے روز واجب الادا اجرتوں کی ادائیگی، خدمات کی مستقلی اور دیگر طویل عرصے سے زیر التوا مطالبات کے حق میں احتجاج کیا، تاہم پولیس نے مظاہرین کو جمع ہونے کی اجازت نہیں دی۔یو این ایس کے مطابق احتجاج میں شامل کارکنوں نے کہا کہ وہ برسوں سے اپنے مسائل اٹھا رہے ہیں، جن میں بروقت تنخواہوں کی ادائیگی، اعزازیہ میں اضافہ اور پنشن سہولیات کی فراہمی شامل ہے، لیکن تاحال ان کے مطالبات پر کوئی ٹھوس کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔مظاہرین نے نعرے بازی کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کو اسمبلی میں زیر بحث لایا جائے تاکہ ان کے حق میں کوئی واضح پالیسی فیصلہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچوں کی غذائیت، صحت اور فلاحی اسکیموں کے نفاذ میں بنیادی کردار ادا کرنے کے باوجود آنگن واڑی کارکنوں کے ساتھ ناانصافی کی جا رہی ہے۔کارکنوں کا کہنا تھا کہ کم اجرت اور غیر باقاعدہ ادائیگیوں کے باعث متعدد آنگن واڑی ورکرز اور ہیلپرز کو شدید معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ خدمات کی مستقلی اور پنشن جیسے سماجی تحفظ کے فوائد ہزاروں کارکنوں کے لیے باوقار اور مستحکم زندگی کو یقینی بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔آنگن واڑی کارکنوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے مطالبات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے اور جلد از جلد مسئلہ حل کیا جائے، بصورت دیگر احتجاجی تحریک کو مزید تیز کیا جائے گا۔