آسٹریلیائی ٹیم کپتان کو کامیاب رخصت کرنے کے لیے پرعزم

پرتھ/یواین آئی//پرتھ کے تاریخی واکا گراؤنڈ پر ہونے والا یہ ٹسٹ میچ آسٹریلیائی کپتان الیسا ہیلی کے انٹرنیشنل کیریئرکا آخری مقابلہ ثابت ہوگا۔ آسٹریلیا کو ملٹی فارمیٹ سیریز جیتنے کے لیے صرف ایک ڈراکی ضرورت ہے ، جبکہ ہندوستانی ٹیم سیریز برابر کرنے کے لیے چار پوائنٹس کی جیت کی تلاش میں ہے ۔گلابی گیند سے کھیلے جانے والے اس ڈے نائٹ ٹسٹ میں جہاں جذباتی مناظر ہوں گے ، وہیں دونوں ٹیموں کے درمیان کڑی مسابقت بھی متوقع ہے ۔ مہمان ہندوستانی ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی سیریز2-1 سے جیت کر اچھا آغازکیا تھا، لیکن ونڈے سیریز میں انہیں کلین سویپ کا سامنا کرنا پڑا۔ اسمرتی مندھانا اور ہرمن پریت کور پر بیٹنگ آرڈرکو سنبھالنے کی بھاری ذمہ داری ہوگی۔ رینوکا سنگھ کے زخمی ہونے کے باعث ہندوستانی فاسٹ بولنگ شعبہ تھوڑاکمزور دکھائی دے رہا ہے ۔22 سالہ کرانتی گوڑکی شمولیت سے امیدیں وابستہ ہیں جو اپنی رفتار سے آسٹریلیائی بیٹرزکو پریشان کر سکتی ہیں۔ پرتیکا راول اور کاشوی گوتم کے ٹسٹ ڈیبیو کے قوی امکانات ہیں۔آسٹریلیائی ٹیم میں بیٹنگ کی گہرائی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ تاہلیا میک گرا جیسے کھلاڑی نمبر8 پر بیٹنگ کر سکتے ہیں۔اینابیل سدرلینڈکا ٹسٹ اوسط 83.71 ہے اور واکا گراؤنڈ پر وہ پہلے ہی ڈبل سنچری اسکور کر چکی ہیں۔الیس پیری کی فٹنس کے باعث ان کی شرکت پر فیصلہ میچ والے دن ہی کیا جائے گا، تاہم ہیلی پر امید ہیں کہ وہ بطور اسپیشلسٹ بیٹرکھیلیں گی۔ ہیلی نے تصدیق کی ہے کہ وہ مڈل آرڈر میں بیٹنگ کریں گی اور ٹیم میں ایک ڈیبیوکرنے والے کھلاڑی (ممکنہ طور پر لوسی ہیملٹن) کی جگہ بنے گی۔اس وقت ہیلی کافی شاندار فام میں ہیں انہوں نے اپنے کرئیر کے آخری ونڈے میں 150 رنز سے زیادہ کی اننگز کھیلی ہے۔