آر ڈِی ایس ایس کے تحت میونسپل کمیٹی ہیرانگر میں صد فیصد سمارٹ میٹرنگ عملائی جارہی ہے۔ حکومت

آر ڈِی ایس ایس کے تحت میونسپل کمیٹی ہیرانگر میں صد فیصد سمارٹ میٹرنگ عملائی جارہی ہے۔ حکومت

جموں//حکومت نے ایوان کو آگاہ کیا کہ ری ویمپڈ ڈِسٹری بیوشن سیکٹر سکیم (آر ڈِی ایس ایس) کے تحت میونسپل کمیٹی (ایم سی) ہیرانگر میں صد فیصد سمارٹ میٹرنگ عملائی جا رہی ہے۔وزیر برائے جل شکتی جاوید احمد رانا نے ایوان میں رُکن اسمبلی وِجے کمار کی طرف اُٹھائے گئے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ میونسپل کمیٹی ہیرانگر کے 77 فیصد صارفین کے یہاں سمارٹ میٹر نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ باقی صارفین کے لئے تنصیب کا عمل جاری ہے۔ وہ وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی جانب سے جواب دے رہے تھے۔اُنہوںنے کہا کہ بلا تعطل بجلی کی فراہمی کا انحصار صد فیصد سمارٹ میٹرنگ کے حصول اور ایگریگیٹ ٹیکنیکل اینڈ کمرشل (اے ٹی اینڈ سی ) نقصانات کو 15 فیصد کی مقررہ حد سے کم کرنے پر منحصر ہے جو کہ محکمہ کی طرف سے مطلع کردہ لوڈ کرٹیلمنٹ پروگرام کے مطابق ہے۔وزیر موصوف نے کہا،’’ایک بار جب صد فیصد سمارٹ میٹرنگ مکمل ہو جائے گی تو تمام صارفین کو سمارٹ میٹروں میں ریکارڈ شدہ حقیقی بجلی کے استعمال کی بنیاد پر بِل بھیجا جائے گا اور فلیٹ ریٹ کی بنیاد پر بلنگ مکمل طور پر ختم کر دی جائے گی۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جے اِی آر سی (جے اِی آر سی) ٹیرف آرڈرز کے تحت صرف اُن صارفین کو فلیٹ ریٹ کی بنیاد پر بِل بھیجا جا رہا ہے جہاں سمارٹ میٹر ابھی تک نصب نہیں کئے گئے ہیں۔وزیر جاوید احمد رانا نے کہا،’’یہ اِنتظام عارضی نوعیت کا ہے اور صرف اس وقت تک جاری رہے گا جب تک تمام ایسے صارفین کے یہاں سمارٹ میٹر نصب نہیں ہو جاتے، جس کے بعد قواعد و ضوابط کے مطابق صرف میٹر کی بنیاد پر بِلنگ کی جائے گی۔‘‘اُنہوں نے بار بار بجلی کی کٹوتیوں سے متعلق تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ بجلی کی بندش کی بنیادی وجہ موجودہ لوڈ کرٹیلمنٹ پروگرام (ایل سی پی) کے تحت مقررہ لوڈ کٹوتی ہے جو متعلقہ فیڈروںکے ایگریگیٹ ٹیکنیکل اینڈ کمرشل (اے ٹی اینڈ سی) نقصانات کی سطح سے منسلک ہے۔ یعنی اُن 11 کے وی فیڈروں پر 3 گھنٹے کی کٹوتی جہاں بِلنگ اور وصولی کی کارکردگی 15 فیصد سے 40 فیصد کے درمیان ہے اور اُن 11 کے وی فیڈروں پر 6 گھنٹے کی کٹوتی جہاں بِلنگ اور وصولی کی کارکردگی 40 فیصد سے زیادہ ہے۔وزیر نے ایوان کو یہ بھی بتایا کہ شیڈول کٹوتیوں کے علاوہ کبھی کبھار بجلی کی بندش سٹیٹ لوڈ ڈسپیچ سینٹر (ایس ایل ڈِی سی ) کی جانب سے نظامی دباؤ اور گرڈ کے استحکام کو برقرار رکھنے کے لئے عائد کی جانے والی کٹوتیوں، مختلف سکیموں کے تحت نظام کو مضبوط بنانے اور توسیعی کاموں کے لئے منصوبہ بند شٹ ڈاؤن اور تقسیم کے نیٹ ورک میں غیر متوقع تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی ہوتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ بار بار بجلی کے بند ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کے لئے موجودہ ہائی ٹینشن (ایچ ٹی) اور لو ٹینشن (ایل ٹی) نیٹ ورک کی مضبوطی اور بہتری، لمبے فاصلے پر اضافی پول نصب کرنا، بوسیدہ کنڈکٹرز کو نئے کنڈکٹرز سے تبدیل کرنا، صد فیصد کوریج کے لئے سمارٹ میٹرنگ کے کاموں کا نفاذ اور بجلی چوری و غیر مجاز استعمال کے خلاف کارروائیاں جیسے اقدامات کئے جا رہے ہیں تاکہ اے ٹی اینڈ سی نقصانات میں کمی لائی جا سکے۔اُنہوں نے مزید بتایا کہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کی تکمیل کے لئے متوقع مدت ستمبر 2026 مقرر کی گئی ہے۔