کہا، ایم ایل ایز کے ذریعہ 3403.59 لاکھ روپے کا تخمینہ رواں مالی برس کے کیپکس بجٹ میں شامل کیا گیا ہے
سری نگر//وزیر برائے دیہی ترقی و پنچایتی راج جاوید احمد ڈار نے کہا کہ دیہی ترقی محکمہ ترقیاتی منصوبوں کی تشکیل اور حتمی شکل دینے کے دوران منتخب عوامی نمائندوں بشمول قانون سازوں اور دیگر متعلقہ شراکت داروںسے ہر سطح پر بھرپور مشاورت کو یقینی بناتا ہے۔وزیر موصوف آج ایوان میں ممبر اسمبلی جی اے میر کی طرف سے اُٹھائے گئے ایک سوال کا جواب دے رہے تھے۔ اُنہوں نے کہا کہ رواں مالی برس کے دوران ہر ایم ایل اے کے لئے سی ڈی اینڈ پنچایت کے تحت 20 لاکھ روپے شامل کرنے کی ہدایات جاری کئے گئے ہیں۔ مزید برآں، بجٹ میں ایم ایل ایز کی آرأ کی بنیاد پر اعلانات کو وسائل کی دستیابی کے مطابق شامل کیا جا رہا ہے۔وزیرجاوید احمد ڈار نے کہا کہ ایم ایل ایز کی جانب سے تجویز کردہ 3403.59 لاکھ روپے کی رقم موجودہ مالی برس کے کیپکس بجٹ (سی ڈی پنچایت) میں شامل کی گئی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ منتخب عوامی نمائندوں کی تجاویز اور سفارشات کو ترقیاتی منصوبوں کی تیاری کے دوران باقاعدہ طور پر مدنظر رکھا جاتا ہے۔وزیر موصوف نے کہا کہ سی ڈی اینڈ پنچایت، یو ٹی کیپکس اور بجٹ کے تحت کاموں کو متعلقہ عوامی نمائندوں کے ساتھ مشاورت سے انجام دیا جا رہا ہے۔اُنہوں نے مزید کہا،’’محکمہ کی جانب سے وقتاً فوقتاً یہ ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ مختلف پروگراموں کے تحت تیار کئے جانے والے ترقیاتی ایکشن پلانوںمیں منتخب نمائندوں سے مشاورت لازمی کی جائے۔‘‘وزیرجاوید احمد ڈار نے ایوان کو بتایا کہ جموں و کشمیر میں منتخب عوامی نمائندے بشمول ضلع ترقیاتی کونسلوں (ڈِی ڈِی سیز) اور بلاک ترقیاتی کونسلوں (بی ڈِی سیز) کے اراکین اور مختلف سطحوں پر ترقیاتی منصوبہ بندی کے عمل میں جیسے ضلعی سطح کے منصوبوں کی منظوری دینا، عوامی منصوبہ بندی مہم میں حصہ لینا، اور نگرانی فراہم کرناشامل ہیں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ ڈی ڈی سیز کے قیام جنہوں نے سابقہ منصوبہ بندی بورڈز کی جگہ لی، نے منتخب ممبران کو باضابطہ طور پر ضلعی سطح کے ترقیاتی اور سرمایہ جاتی منصوبوں کی تیاری و منظوری کے عمل میں شامل کیا ہے۔










