ستیش شرما نے ماحولیاتی توازن کے تحفظ کیلئے فوری اَقدامات پر زور دیا
جموں//وزیربرائے خوراک، شہری رسد ات و اَمورِ صارفین ،اِنفارمیشن ٹیکنالوجی ،ٹرانسپورٹ،اَمورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما نے ’عالمی یوم ماحولیات ‘کے موقعہ پر ماحولیاتی تحفظ اوردیرپا ترقی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔یہ تقریب روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی) کمپلیکس جموں میں منعقد ہوئی جس میں اَفسران اور عملے کی بھرپور شرکت دیکھنے میں آئی۔وزیر موصوف نے اِجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دُنیا کو درپیش بڑھتے ہوئے ماحولیاتی چیلنجوں کو اُجاگر کیا اور قدرت کے تحفظ کے لئے اِجتماعی ذمہ داری اور عملی اقدامات کی اہمیت پر زور دیا۔ اُنہوں نے کہا،’’ماحول کا تحفظ محض ایک اِنتخاب نہیں بلکہ ایک ضرورت ہے۔ ہمیں اِنسانی بقاء کے لئے ماحولیاتی توازن کو یقینی بنانے کے تمام ضروری اَقدامات کرنے ہوں گے۔‘‘وزیر ستیش شرما نے ٹرانسپورٹ اور یوتھ سروسز محکموںسے کہا کہ وہ ماحول دوست طرزِ عمل اَپنانے میں دوسروں کے لئے مثال بنیں۔ اُنہوں نے نوجوانوں کو ماحول دوست تحریک میں فعال کردار اَدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا،’’نوجوانوںکے پاس ایک دیرپا مستقبل کی تشکیل کی طاقت ہے۔یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم اُنہیں ماحولیاتی ذمہ داری اور ضروری وسائل سے آراستہ کریں تاکہ وہ ماحول کے محافظ بن سکیں۔‘‘اِس موقعہ پرمنیجنگ ڈائریکٹر آر ٹی سی راکیش سرنگل نے بھی حاضرین سے خطاب کیا اورآر ٹی سی طرف سے کاربن فُٹ پرنٹ کو کم کرنے کے لئے اُٹھائے گئے مختلف اَقدامات کا خاکہ پیش کیا جس میں توانائی سے چلنے والی گاڑیوں اور کاغذ کے اِستعمال میں کم کرنے کے لئے ڈیجیٹل سلوشن متعارف کرنا شامل ہیں۔اِس تقریب میںمختلف محکموں کے سینئر اَفسران، ماحولیات کے شوقین اور آر ٹی سی عملہ نے شرکت کی۔ اس موقعہ پر کمپلیکس کے اندر پودے لگانے کی مہم بھی چلائی گئی جو ماحول دوستی اور قدرت سے محبت کا عملی اِظہار تھا۔’عالمی یوم ماحولیات‘ ہر سال 5 ؍جون کو دُنیا بھر میں منایا جاتا ہے تاکہ ماحولیاتی مسائل سے بیداری پیش کی جاسکے اورکرۂ ارض کی تحفظ و بحالی کے لئے اقدامات کی حوصلہ اَفزائی کی جا سکے۔ اِس سال کا موضوع ’’ہماری زمین، ہمارا مستقبل‘‘ہے ۔تقریب کا اِختتام تمام شرکأ کے اس عہد کے ساتھ ہوا کہ وہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زِندگی میں ماحول دوست طرزِ عمل اَپنائیں گے۔










