سری نگر// آرمڈ فورسز فلیگ ڈے کے موقعہ پر سری نگر کے سینک بھون میں شہدأ اور وردی میں ملبوس اُن جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک پروگرام منعقد کیا گیا جنہوں نے ملکی وقار کے تحفظ کے لئے رضاکارانہ طور پرجنگ لڑی اور آج بھی اس کی حفاظت میں مصروف ہیں۔اِس موقعہ پر صوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ نے شرکت کی جنہوں نے سابق فوجیوں کے ساتھ بات چیت کی اور اُنہیں یقین دِلایا کہ سابق فوجیوں، جنگ میں بیوہ ہونے والی خواتین اور اُن کے اہلِ خانہ کی فلاح و بہبود کے لئے سول اِنتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔سابق فوجی کمیونٹی نے صوبائی کمشنر کشمیر کا شکریہ اَدا کیا اور کہا کہ سابق فوجیوں اور بیواؤں کی فلاح و بہبود کے لئے اُٹھائے گئے اَقدامات قابلِ قدر ہیں۔صوبائی کمشنر کشمیر نے آرمڈ فورسز کی عظیم قربانیوں اور خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سپاہی ملک کے نگہبان ہیں جو اَپنی جانوں میں بہت کچھ قربان کر کے اپنے شہریوں کی حفاظت کرتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ہر شہری کا فرض ہے کہ نہ صرف شہدأ اور زندہ بہادروں کی عزت کرے بلکہ اُن کے اہلِ خانہ کی بھی، جو اُن کی قربانی میں اہم حصہ دار رہے ہیں۔حکومتی اقدامات کے علاوہ آرمڈ فورسز فلیگ ڈے(اے ایف ایف ڈِی)دیکھ ریکھ، مدد، بحالی اور مالی امداد فراہم کرنے کے لئے رضاکارانہ کردار ادا کرنے کے لئے شہریوں کے اجتماعی فرض کو اُجاگر کرتا ہے۔۔ ’فلیگ ڈے‘ بہادر خواتین (ویر ناریاں)، ڈِس ایبل فوجیوں اور شہدأکے اہلِ خانہ کی دیکھ بھال کے عزم کو اُجاگر کرتا ہے۔










