آج سے جموں و کشمیر میں 2مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے متوقع

آج سے جموں و کشمیر میں 2مغربی ہواؤں کے طاقتور سلسلے متوقع

بارش و برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان،انتظامیہ صورتحال سے نپٹنے کیلئے تیار

سرینگر/ یو این ایس//وادی کشمیر کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے، تاہم محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ وادی کے میدانی علاقوں میں جاری طویل خشک موسم کا خاتمہ ہونے والا ہے اور آئندہ ہفتے کے دوران بارش اور برفباری کے کئی سلسلے متوقع ہیں۔ حکام کے مطابق جموں و کشمیر میں اس ہفتے دو طاقتور مغربی ہواؤں کے سلسلے (ویسٹرن ڈسٹربنس) اثر انداز ہوں گے، جن میں سے پہلا جمعرات کو اور دوسرا 26 جنوری کو متوقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ان موسمی نظاموں کے زیر اثر وادی بھر میں ہلکی سے معتدل بارش اور برفباری کا امکان ہے، جس میں میدانی علاقے بھی شامل ہیں، جبکہ بعض مقامات پر شدید برفباری بھی ہو سکتی ہے۔یو این ایس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ان موسمی سلسلوں کی اصل شدت 23 اور 27 جنوری کو دیکھنے کو مل سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدھ سے شروع ہونے والا یہ موسمی نظام وادی کشمیر کے میدانی علاقوں میں جاری طویل خشک موسم کا خاتمہ کر سکتا ہے، کیونکہ سرینگر سمیت میدانی علاقوں میں ہلکی سے معتدل برفباری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ خراب موسم کے باعث زمینی اور فضائی ٹریفک متاثر ہو سکتی ہے۔اس وقت وادی کشمیر شدید سردی کے 40 روزہ دورانیے ’’چلہ کلان‘‘ سے گزر رہی ہے، جس کے دوران رات کے درجہ حرارت اکثر نقطہ انجماد سے کئی ڈگری نیچے چلے جاتے ہیں اور برفباری کے امکانات سب سے زیادہ ہوتے ہیں۔ چلہ کلان کا آغاز 21 دسمبر کو ہوا تھا اور یہ 30 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔اگرچہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری ہو چکی ہے، تاہم اس موسم سرما میں اب تک وادی کے میدانی علاقوں میں برفباری نہیں ہوئی۔ادھر منگل کی شب وادی کے بیشتر علاقوں میں کم سے کم درجہ حرارت میں بہتری درج کی گئی۔ سرینگر میں کم سے کم درجہ حرارت ایک ڈگری بہتری کے ساتھ منفی 2.4 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے سیاحتی مقام سونمرگ اور جنوبی کشمیر کے شوپیاں میں سب سے کم درجہ حرارت منفی 5.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا۔ شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں واقع معروف اسکی ریزورٹ گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5.0 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں، جو امرناتھ یاترا کے بیس کیمپ کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے، کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.8 ڈگری سیلسیس ریکارڈ ہوا، جو گزشتہ شب کے منفی 4.4 ڈگری کے مقابلے میں بہتر ہے۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3.3 ڈگری، کوکرناگ میں منفی 0.6 ڈگری جبکہ کپواڑہ میں منفی 3.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔