آئی سی سی شائقین کی تعداد پر تشویش کے باوجود غیرمعمولی ورلڈ کپ کیلئے پراعتماد

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین گریگ بارکلے بھارت میں جاری ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں شائقین کی تعداد پر ہونے والی تشویش کے باوجود ’غیرمعمولی‘ ورلڈ کپ کے لیے پراعتماد ہیں۔ خبرایجنسی اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق گریگ بارکلے نے ممبئی میں صحافیوں کے سوالوں پر کہا کہ ہمارا کوئی بھی ایونٹ ہوتا ہے تو اس پر بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کی جاتی ہے، ان چیزوں کو ہم ٹھیک کرنے اور بہتر کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے ایک لاکھ 32ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے حامل احمد آباد اسٹیڈیم میں روایتی بھارت کے خلاف میچ کے بعد پریس کانفرنس میں اپنی ٹیم کو حمایت نہ ملنے پر آئی سی سی پر تنقید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا تھا کہ یہ ایونٹ آئی سی سی کا نہیں ہے بلکہ بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا ایونٹ ہے۔
بی سی بی آئی کے اقدامات پر پہلے تنقید کی گئی تھی جب ورلڈ کپ کا شیڈول جاری کرنے میں تاخیر کی گئی تھی ٹورنامنٹ کے آغاز سے 3 ماہ قبل شیڈول جاری کیا گیا تھا۔ شیڈول کے اعلان کے چند ہفتے بعد ہی نظرثانی کرکے چند میچز کی تاریخیں تبدیل کردی گئی تھیں۔ دوسری جانب شائقین نے شکایات کی تھیں کہ انہیں آن لائن ٹکٹوں کے حصول میں مشکلات پیش آرہی ہیں اور میزبان ٹیم کے میچ کے علاوہ تماشائیوں کی بڑی تعداد میدان کا رخ نہیں کرتی۔
پاکستانی شائقین کو ورلڈ کپ کے میچز دیکھنے کے لیے بھارتی ویزا جاری نہیں کیا گیا، جس کے باعث وہ ان پر اپنی ٹیم کی حمایت کے لیے میدانوں میں داخل ہونے پر غیراعلانیہ پابندی ہے اور یہی وجہ تھی کہ پاک-بھارت میچ میں تماشائی یک طرفہ طور پر میزبان ٹیم کے ساتھ تھے اور میچ بھارت نے 7 وکٹوں سے جیت لیا تھا۔