1000روپے سے 3,750 روپے تک ماہانہ وظیفہ فراہم کیا اور گورو۔شِشیا سکیم کے تحت 7,500 روپے دیا جارہا ہے
سری نگر//اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی( آئی آئی سی ٹی) سری نگر نے تربیت یافتہ اِنسانی وسائل کی تعداد میں اِضافہ کرنے کے لئے محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیر کے تحت مختلف ہنرمندی کے فروغ کے پروگراموں کے ذریعے مختلف اَضلاع کے تقریباً 11,000 قالین بُننے والوں کو ماسٹر ٹریننگ دی ہے۔ یہ کاریگر ترمیم شدہ قالین بُننے والے لومزپر تربیت حاصل کر رہے ہیںجو کشمیری ہاتھ سے بنے مشہور نٹِھے ہوئے قالینوں کی عالمی مارکیٹ میں رسائی بڑھانے اور مخصوص طبقوں تک پہنچنے میں معاون ثابت ہوں گے۔ یہ قالین کشمیر سے برآمد ہونے والی دوسری سب سے بڑی ہاتھ سے بنی مصنوعات میں شامل ہیں۔آج یہاںجاری ایک پریس بیان میں ڈائریکٹر آئی آئی سی ٹی زبیر احمد نے کہاکہ قالین بُنائی کے شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ماہر کاریگروں کی مدد سے تربیت دی جا رہی ہے۔ یہ تربیت آئی آئی سی ٹی کے باغِ علی مردان خان کیمپس اور مختلف اَضلاع کے قالین سازی کے مراکز میں بیچوں کی صورت میں دی جا رہی ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ بالمشافہ تربیت اور رہنمائی نایاب اور پیچیدہ ہاتھ سے بُنے قالینوں کی ہنر مندی کو محفوظ رکھنے میں ایک اہم رول اَدا کرے گی جن کی اندرون اور بیرون ملک زبردست مانگ ہے۔‘‘اگرچہ عالمی سطح پر جاری تنازعات اور مشرق وسطیٰ سمیت دیگر منڈیوں میں پیدا ہونے والی مشکلات کے باعث کئی چیلنجز سامنے آئے، لیکن اس کے باوجود کشمیر کے ہاتھ سے بنے نٹِھے ہوئے قالینوں کی برآمدات گزشتہ تین مالی برسوں میں 838.70 کروڑ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
ڈائریکٹر نے بتایا کہ آئی آئی سی ٹی نے تربیتی پروگراموں کو مزید پُرکشش بنانے کے لئے سکیموں کے مطابق شرکأ کو ماہانہ وظیفہ بھی فراہم کیا ہے۔اُنہوں نے کہاکہ چارسے 6 ماہ کی مدت کے ان قلیل مدتی تربیتی پروگراموںکے لئے جن میں ہر بیچ میں 20 اَفراد شامل ہوتے ہیں، وزارتِ ٹیکسٹائلز کی مختلف مہارت پر مبنی سکیموں کے تحت وظیفہ 1000 روپے سے 3,750روپے ماہانہ دیا جاتا ہے۔‘‘ تربیتی پروگراموں میںسکل اَپ گریڈیشن اینڈ کیپسٹی بلڈنگ ٹریننگ،وزارتِ ٹیکسٹائلز کے تحت قلیل مدتی تربیتی پروگرا م اوروزارتِ سوشل جسٹس اینڈ امپاورمنٹ کے تحت سکل ڈیولپمنٹ ٹریننگ پروگرام شامل ہیں۔ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ ’’گوروشِشیا ہست شلپ پروگرام‘‘کے تحت نیشنل ایوارڈ یافتہ ماہرین کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ رجسٹرڈ قالین بُننے والوں کو ہنر میں مزید مہارت دی جا سکے۔اِس دو ماہ کے تربیتی پروگرام کے دوران ہرٹرینی کو 7,500روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔










