آئی آئی سی ٹی اور این آئی اِی ایل آئی ٹی نے کشمیر ہینڈی کرافٹس کو فروغ دینے کیلئے نیاڈیزائن سافٹ ویئر تیار کیا

آئی آئی سی ٹی اور این آئی اِی ایل آئی ٹی نے کشمیر ہینڈی کرافٹس کو فروغ دینے کیلئے نیاڈیزائن سافٹ ویئر تیار کیا

’’ڈیزائن این وئیوو ‘‘کا مقصد روایتی دست کاری اور ڈیجیٹل اِختراع کے درمیان موجود ہ خلا کو پُر کرنا ہے

سری نگر//محکمہ ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم نے روایتی ڈیزائنوں کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کو مربوط کرنے کی طرف ایک اہم سنگ میل کے طور پر آج’’ ڈیزائن این وئیوو‘‘ کے نام سے ایک مقامی طور پر تیار کردہ سافٹ ویئر متعارف کیا جو کشمیر کی مشہور دست کاریوں اور ہینڈلومز کے لئے ڈیجیٹل ڈیزائن کے عمل میں اِنقلابی تبدیلی لانے کے لئے تیار ہے۔ یہ نیا سافٹ ویئر اِنڈین اِنسٹی چیوٹ آف کارپٹ ٹیکنالوجی (آئی آئی سی ٹی)سری نگر نے نیشنل اِنسٹی چیوٹ آف الیکٹرانکس اینڈ اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (این آئی اِی ایل آئی ٹی)سری نگر کے اِشتراک سے وزارتِ الیکٹرانکس و اِنفارمیشن ٹیکنالوجی (ایم اِی آئی ٹی وائی)کے زیراہتمام تیار کیا ہے۔اِ س موقعہ پر منعقدہ تقریبِ حوالگی و وصولی میں ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈلوم کشمیرمسرت اسلام، ڈائریکٹرآئی آئی سی ٹی زُبیر احمدا اور ڈائریکٹر اِن چارج این آئی اِی ایل آئی ٹی عاشق حسین ڈار نے شرکت کی۔ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم کشمیر نے آج یہاں جاری ایک پریس بیان میں آئی آئی سی ٹی اور این آئی اِی ایل آئی ٹی کو مُبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ایک جامع ڈیزائن سافٹ ویئر تیار کیا ہے جوبالخصوص قالین اور ٹیکسٹائل ڈیزائن کی کریشن اور مینجمنٹ کے لئے تیار کیا گیا ہے۔اُنہوں نے کہا،’’یہ سافٹ ویئر روایتی تعلیم ڈیزائن سسٹم کو سپورٹ کرتا ہے اور جدید ڈیجیٹل ٹولز فراہم کرتا ہے تاکہ اِختراع اور پیداوار میں بہتری لائی جا سکے۔‘‘’ڈیزائن این وئیوو‘کی اہم خصوصیات میں آسان نیویگیشن، ڈیزائن پیٹرنز اور نقش و نگار کی وسیع لائبریری، فوری پری ویو، ہموار ڈیٹا ایکسچینج اور سنگل یوزر لائسنس کی سہولیت شامل ہے۔ڈائریکٹرآئی آئی سی ٹی نے کہا کہ اس نئے سافٹ ویئر تک رسائی دُور دراز علاقوںسے تعلق رکھنے والے ڈیزائنروں اور کاریگروں کو بھی لاگ اِن ، پاس ورڈ کے ذریعے معمولی فیس پر فراہم کی جائے گی۔اُنہوں نے مزید کہا، ’’مجاز اَتھارٹی کی منظوری حاصل ہونے کے بعد آئی آئی سی ٹی اس سافٹ ویئر کی لائسنس یافتہ کاپی ان تمام اَفراد کو فراہم کرے گا جوہینڈی کرافٹس و ہینڈ لوم شعبے سے وابستہ ہیں۔‘‘ڈائریکٹر ہینڈی کرافٹ و ہینڈ لوم نے کہا کہ یہ نیا سافٹ ویئر روایتی دست کاری اور ڈیجیٹل اِختراع کے درمیان فاصلے کو کم کرے گا تاکہ ڈیزائنروں اور کاریگروں کو کشمیر کی فنکارانہ وراثت کو برقرار رکھنے اور عالمی سطح پر اپنی پہنچ بڑھا سکیں۔اُنہوں نے کہا، ’’ہم تمام متعلقہ شراکت داروں اور ہینڈلوم و ہینڈی کرافٹ سیکٹر کے سٹارٹ اَپس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ باغِ علی مردان خان سری نگر میں واقع آئی آئی سی ٹی سے رجوع کریں تاکہ اس نئے سافٹ ویئر تک رسائی حاصل کر سکیں جو جدید مارکیٹوں کے تقاضوں کے مطابق نئے اور اِختراعی ڈیزائنز کی کریشن میں مددگار ثابت ہوگا۔‘‘